اترپردیش اسمبلی انتخابات میں پانچ مراحل کی ووٹنگ ہوچکی ہے اور چھٹے اور
ساتویں مرحلے کی پولنگ بھی جلد ہی ہونے والی ہے ۔ تاہم بی جے پی نے اب نیا
شوشہ چھوڑتے ہوئے چھٹے اور ساتویں مرحلے کی پولنگ سے قبل الیکشن کمیشن کو
ایک خط لکھا ہے۔ اس میں کمیشن سے درخواست کی گئی ہے کہ ووٹنگ کے دوران
پولنگ بوتھوں پر خاتون پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کی جائے ، تاکہ برقع پہن
کر حق رائے دہی کا استعمال کرنے کیلئے آنے والی خواتین ووٹر کی شناخت کی
جانچ کی جا سکے۔
میڈیا میں بی جے پی لیڈر ہمانشو دوبے کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی
گئی ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق برقع پہنی
خواتین ووٹر کی شناخت کے لئے خاتون
پولیس اہلکاروں کے علاوہ حساس اور انتہائی حساس بوتھوں پر نیم فوجی دستوں
کی تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
بی جے پی کا کہنا ہے کہ اسمبلی انتخابات میں بڑی تعداد میں خواتین ووٹر
برقع پہن کر ووٹ ڈالنے آتی ہیں، ایسے میں ان کی صحیح شناخت کے لئے کافی
تعداد میں خاتون پولیس اہلکاروں کی تعیناتی بھی ضروری ہے۔ پارٹی کے مطابق
فرضی ووٹنگ کو روکنے کے لئے ایسا کیا جانا ضروری ہے۔ بی جے پی نے مئو اور
بلیا کے حساس اور انتہائی حساس بوتھوں کی فہرست کمیشن کو بھیجتے ہوئے کہا
ہے کہ ان علاقوں میں نیم فوجی فورسز کے بغیر منصفانہ انتخابات ممکن نہیں
ہیں۔